واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے وینزویلا آنے اور وہاں سے جانے والے تمام پابندی زدہ تیل بردار جہازوں کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دے دیا ہے، جس سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کئی ماہ سے جاری دباؤ کی مہم میں مزید شدت آ گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ آج میں وینزویلا آنے اور جانے والے تمام پابندی زدہ تیل بردار جہازوں کی مکمل اور جامع ناکہ بندی کا حکم دے رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا کی حکومت کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس پر دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور انسانی سمگلنگ کا بھی الزام عائد کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ ایک دشمن حکومت کو اپنا تیل، زمین اور دیگر کوئی بھی اثاثے نہیں لینے دے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وینزویلا ہمارے وہ تمام اثاثے واپس کرے جو اس نے ماضی میں چرائے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کو جنوبی امریکہ کی تاریخ میں اب تک اکٹھی کی گئی سب سے بڑی بحری فوج کے ذریعے مکمل طور پر گھیر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دباؤ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے لئے گئے اثاثے امریکہ کو واپس نہیں کئے جاتے۔


