بیجنگ(شِنہوا)چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین محصولات میں یک طرفہ اضافے کی تمام اقسام کی مخالفت کرتا ہے اور میکسیکو پر زور دیتا ہے وہ فوری طور پر یک طرفہ اور تحفظ پسندی کے اپنے غلط اقدامات کو درست کرے۔
ترجمان نے یہ بات میکسیکو کی کانگریس کی اس تجویز کی منظوری کے حوالے سے میڈیا کے سوال کے جواب میں کہی جس کے تحت آزاد تجارتی معاہدے سے باہر کے شراکت داروں پر محصولات میں اضافہ کیا جائے گا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئے محصولات یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اگر ان اقدامات کا نفاذ کیا گیا تو یہ چین سمیت متعلقہ تجارتی شراکت کے مفادات کو نمایاں طور نقصان پہنچائیں گے، اگرچہ منظور کی گئی تجاویز میں ستمبر کے ورژن کے مقابلے میں کچھ ترامیم شامل کی گئی ہیں، جس مخصوص آٹوپارٹس، ہلکی صنعتی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور ملبوسات پر مجوزہ محصولات کی شرح میں کسی حد تک کمی شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ متعلقہ چینی صنعتوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے وزارت تجارت نے ستمبر کے اختتام پر قانون کے مطابق میکسیکو کے خلاف تجارتی اور سرمایہ کاری رکاوٹوں کی تحقیقات شروع کی تھیں جو ابھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین متعلقہ ممالک کی طرف سے معاشی اور تجارتی تنازعات کو تجارتی معاہدوں کے ذریعے حل کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے، لیکن ایسا کوئی معاہدہ عالمی تجارتی ترقی کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی اس کے ذریعے چین کے جائز مفادات کو نقصان پہنچنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ میکسیکو اس معاملے کو انتہائی اہمیت دے گا اور محتاط رویہ اختیار کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین میکسیکو کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کی صحت مند اور مستحکم ترقی کو فعال طور پر فروغ دیتا ہے۔


