بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم حہ لی فینگ نے توقع ظاہر کی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، کثیرجہتی تجارتی نظام کی حمایت جاری رکھے گا، چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور چین اور دنیا کی معاشی ترقی میں نئی جان ڈالے گا۔
نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن حہ لی فینگ نے یہ بات بیجنگ میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے آغاز سے چین کی معیشت مستحکم اور مضبوط ترقی کے رجحان پر قائم ہے اور چین کو پائیدار اور صحت مند معاشی ترقی برقرار رکھنے پر مکمل اعتماد اور صلاحیت حاصل ہے۔
اس موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ آئی ایم ایف عالمی معیشت کے لئے چین کی خدمات کی قدر کرتا ہے اور شنگھائی میں آئی ایم ایف مرکز کے قیام میں چین کی بھرپور حمایت کو سراہتا ہے۔ یہ مرکز پیر کے روز باضابطہ طور پر کام کا آغاز کر چکا ہے۔
جارجیوا کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔


