وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے شہروں کا بیوٹیفکیشن پلان فروی تا مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شہر کو خوبصورت بنانا میرا خواب ہے، عوام کو بہترین ماحول کی فراہمی کیلئے صرف ایک بازار نہیں، تمام شہروں کو خوبصورت بنائیں گے، منصوبوں کی تعمیر کے دوران عوام کی سہولت کا خیال رکھا جائے۔
جمعرات کو مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعلی کو ہر ضلع، تحصیل اور ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منصوبے کا مقصد پنجاب کے 39 اضلاع میں 132 بیوٹیفکیشن سکیموں کو تکمیل تک پہنچانا ہے جن کی مجموعی لاگت 16 ارب 90 کروڑ روپے ہے۔
وزیراعلی کو بتایا گیا کہ 97بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آڈر جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ 88 پراجیکٹس کا آغاز ہو چکا ہے۔
لاہور میں 18، سرگودھا میں 6، بہاولپور میں 16، گوجرانوالہ میں 12، راولپنڈی میں 17، فیصل آباد میں 13، ملتان میں 8اور ساہیوال میں 24 مقامات منصوبے میں شامل ہیں۔
وزیراعلی نے بیوٹیفکیشن پلان فیز کی تکمیل کیلئے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبوں میں قدیم دروازوں کی بحالی، فائبر گلاس ،ٹین سائل کور کی تنصیب، واٹر فیچر، فوارے اور مصنوعی آبشاروں کی تخلیق شامل کی جائے، مرکزی بازاروں میں روڈ کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹس بنانے اور فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے خوبصورت کلر ٹائلز لگائی جائیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے ایک ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جس کی ہفتہ وار اپ ڈیٹ کی جائے گی، علاوہ ازیں پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کیلئے کارکردگی کے معیارات بھی مقرر اور مانیٹرنگ کی جائے گی، کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی گرین بیلٹس اور خراب پینٹ کے معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں مختلف شہروں کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کیلئے مخصوص اہداف مقرر کئے گئے، رحیم یار خان کے 6پراجیکٹس 31مارچ، سیالکوٹ کے اقبال منزل بازار اور ملحقہ گلیوں کی اپ گریڈیشن 31 مئی تک مکمل ہو گی، نارووال، شکرگڑھ اور ظفر وال میں تین سکیمیں 31مئی تک مکمل کی جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاولپور میں بابا فرید گیٹ اور الصادق مسجد کی قدیمی صورت کی بحالی کی جائیگی، فیصل آباد میں 121سال قدیم گھنٹہ گھر اور بازار کی تجاوزات سے پاک اپ گریڈیشن جاری ہے، گوجرانوالہ کو نئی اور خوبصورت شکل دی جائیگی، راولپنڈی کے راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ ایریا کو جدید اور شاندار لک دی جائیگی، وزیراعلی نے چکوال کے چھپڑ بازار کا نام تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہر شہر کو خوبصورت بنانا میرا خواب ہے، شہر کے ہر کونے کو صاف ستھرا اور دلکش بنایا جائے گا، ہم صرف ایک بازار نہیں، بلکہ پورے شہر کو خوبصورت بنائیں گے، ہر شہر، ہر قصبہ اور ہر ضلع کو اینڈ ٹو اینڈ بیوٹیفائی کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلی نے منصوبوں کے دوران عوام کی سہولت کا خیال رکھنے کا حکم دیا تاکہ انہیں کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


