ارمچی(شِنہوا)چائنہ نیشنل پٹرولیم کارپوریشن (سی این پی سی) نے اعلان کیا ہے کہ چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار خطے میں واقع ایک بڑے شیل آئل پیداواری زون سے خام تیل کی پیداوار اس سال اب تک 17 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی ہے جو ملک میں شیل آئل کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
سی این پی سی کے سنکیانگ آئل فیلڈ کے جی چھنگ آئل فیلڈ آپریشن زون کے منیجر دو شوئے بیاؤ کے مطابق اس زون کی شیل آئل پیداوار 2020 کی 3 لاکھ 22 ہزار ٹن پیداوار کے مقابلے میں 4.2 گنا بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مشکل جغرافیائی حالات اور تکنیکی مسائل کے باوجود زون کے محققین اور تکنیکی ماہرین نے پیداوار بڑھانے کے لئے انتہائی موثر انداز میں ایک مکمل تکنیکی نظام تیار کیا ہے۔
2020 میں سنکیانگ کی جمسر کاؤنٹی میں قائم کیا گیا یہ زون چین کا پہلا قومی سطح کا براعظمی شیل آئل پیداواری علاقہ ہے جس میں شیل آئل کے اندازاً ایک ارب ٹن سے زیادہ ذخائر موجود ہیں۔
جی چھنگ آئل فیلڈ آپریشن زون کے سینئر انجینئر وانگ ہائی منگ نے بتایا کہ جمسر زون کی تحقیقاتی ٹیم نے ایسے انتظامی نظام اور فضلہ ری سائیکل کرنے کی تکنیک بھی تیار کی ہے جو اسی طرح کے شیل آئل ذخائر کی ترقی کے لئے دوبارہ استعمال کے قابل، آسانی سے توسیع کئے جانے والے اور کم کاربن والے ماڈل فراہم کرتے ہیں۔
شیل آئل شیل چٹانوں میں ذخیرہ مائع ہائیڈرو کاربن پر مشتمل ہوتا ہے جسے نکال کر صاف کیا جا سکتا ہے، یہ توانائی کا ایک وسیع اور وافر وسیلہ ہے جس کے ذخائر روایتی آئل کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔
سنکیانگ کے علاوہ چین نے حئی لونگ جیانگ اور شان ڈونگ میں بھی دو دیگر قومی سطح کے شیل آئل ڈیمونسٹریشن زون قائم کئے ہیں تاکہ شیل آئل کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
2024 میں چین کی شیل آئل پیداوار 60 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ تھی۔


