جمعہ, جنوری 2, 2026
ہومپاکستانصدر مملکت کا کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی و...

صدر مملکت کا کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی و سماجی ڈھانچے کی مضبوطی پر زور

صدر آصف زرداری نے کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی و سماجی ڈھانچے کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں احترام، برداشت و باہمی وقار کا ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کرے، حکومت شہریوں کی آزادی، وقار و خود اعتمادی کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن پر جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہم ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، چاہے اس کا تعلق کسی بھی نسل، مذہب، جنس، زبان یا سماجی حیثیت سے ہو، ہم اس ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں کہ کمزور اور پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی، معاشی اور سماجی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم سب انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھیں، ہمارا مذہب انسانی وقار، دوسروں کے احترام اور تمام انسانوں کی آزادی اور مساوات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہمارے عمل میں جھلکنا چاہئے، ہمیں احترام، برداشت اور باہمی وقار کا ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کرے۔

صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے لوگوں بالخصوص خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افرادکو قومی زندگی میں بھرپور شرکت کے قابل بنانا ہوگا، ہمیں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے علمبرداروں، قومی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنی مشترکہ اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کو ایک ایسی ریاست کے طور پر تصور کیا تھا جہاں ہر مذہب اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ ہم آہنگی اور وقار کے ساتھ رہ سکیں، اس وژن کا احترام کرنا اور ایک زیادہ جامع معاشرہ تشکیل دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدر اقوام متحدہ کو بھی اس دن کو عالمی سطح پر منانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن پر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم انسانی وقار کا دفاع کریں گے، مساوات کو فروغ دے کر ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر شہری خوف، جبر اور امتیاز سے آزاد زندگی گزار سکے۔

صدر نے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

صدر نے دعا کی کہ یہ دن ہمیں بطور قوم وعالمی برادری اس بات کی طرف راغب کرے کہ ہم ہمیشہ انسانی حقوق کی بالادستی کو برقرار رکھیں، اللہ ہمیں کمزور، پسماندہ طبقات کے تحفظ کی کوشش میں کامیابی عطا فرمائے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!