ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کردیا۔
گابا میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز 134 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 43 رنز درکار تھے۔
کپتان بین اسٹوکس اور ول جیکس کریز پر موجود تھے جنہوں نے چائے کے وقفے تک 59 رنز بناکر ٹیم کو 16 رنز کی برتری دلوائی۔
تاہم چائے کے وقفے کے بعد بین اسٹوکس 50 اور ول جیکس 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 241 پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے 5، مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے 2،2 جبکہ برینڈن ڈوگٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کو جیت کے لیے 65 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ٹریوس ہیڈ 22 اور جیک ویدرالڈ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ 23 اور مارنس لبوشین 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز زیک کرولی 44، اولی پوپ 26، بین ڈکٹ، جو روٹ اور ہیری بروک 15، 15 جبکہ جیمی اسمتھ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 511 رنز بناکر انگلینڈ پر 177 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
آسٹریلیا نے کھیل کے تیسرے روز 378 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تھا تو مجموعی اسکور میں 5 رنز کے اضافے کے بعد ہی مائیکل نیسر (16) پویلین لوٹ گئے تھے۔
ایلکس کیری 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔ مچل اسٹارک نے کیریئر بیسٹ 77 رنز کی اننگز کھیلی اور برینڈن ڈوگٹ 13 رنز بناسکے تھے۔ اسکاٹ بولیںڈ 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
جیک ویدرالڈ 72، مارنس لبوشین 65، کپتان اسٹیو اسمتھ 61، کیمرون گرین 45، ٹریوس ہیڈ 33 اور جوش انگلس 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے 4، کپتان بین اسٹوکس نے 3 جبکہ جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن اور ول جیکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 334 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ جو روٹ 138 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6 جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈوگٹ اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔


