سعودی عرب کے شہر جدہ میں بدھ کی شام چائنہ فلم نائٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں چینی فلم "دی لیچی روڈ” کی نمائش کی گئی ہے۔
یہ تقریب چائنہ فلم ایڈمنسٹریشن اور جدہ میں قائم چینی قونصلیٹ جنرل کے اشتراک سے منعقد ہوئی ہے جب کہ اس کی میزبانی چائنہ فلم آرکائیو اور ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے کی ہے۔ تقریب میں چین اور سعودی عرب کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد افراد نے شرکت کی ہے۔
جدہ میں چین کے قونصل جنرل وانگ چی مِن نے امید ظاہر کی ہے کہ چینی فلم ساز سعودی فلم سازوں کے ساتھ اپنے تبادلوں کو مزید مضبوط کریں گے تاکہ سعودی عرب اور دنیا بھر کے ناظرین چینی فلموں سے لطف اندوز ہو سکیں اور دونوں ممالک کے درمیان فلمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
ریڈ سی سوک کی مینیجر زین زیدان نے تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے باہمی تبادلوں کو فروغ دینا ضروری ہے جو فلم سازوں کے لیے نئے مواقع پیدا کریں۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (انگریزی): زین زیدان، مینیجر، ریڈ سی سوک، ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول
"چائنہ فلم نائٹ کا انعقاد بہت اہم ہے۔ یہاں بے شمار مواد، بے حد ٹیلنٹ اور کہانیاں موجود ہیں جنہیں ہم سعودی عرب سے چین اور چین سے سعودی عرب تک ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم ایک دوسرے سے سیکھ سکیں اور فلم سازوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہو سکیں۔”
سعودی فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر احمد المُلّا کے مطابق یہ تقریب نہ صرف بہترین چینی فلموں کی نمائش کرتی ہے بلکہ سعودی شہریوں کو یہ موقع بھی دیتی ہے کہ وہ چینی فلمی ماہرین سے ملاقات کریں اور چینی ثقافت اور فن کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی): احمد المُلّا، ڈائریکٹر، سعودی فلم فیسٹیول
"سعودی عرب میں نئی نسل کے بہت سے لوگ چینی زبان سیکھ رہے ہیں اور ان کے لیے اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد بہت اہم ہے۔ یہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ثقافت اور فن کے شعبے سے وابستہ لوگوں سے جُڑنے کا بھی ایک موقع ہے۔ جب آپ چین کے بارے میں پڑھتے ہیں تو وہاں بھی عرب دنیا اور سعودی عرب کی طرح گہرا تہذیبی ورثہ اور تاریخ نظر آتی ہے اور یہی چیز دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔”
جدہ، سعودی عرب سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


