وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین حکومت اور عوام سے سمندری طوفان، بارشوں سے ہونیوالی تباہی پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حالیہ سمندری طوفان کے باعث بارشوں، سیلاب، بھاری تودے گرنے سے ہونیوالی تباہی و قیمتی جانی ومالی نقصان پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متاثرہ و غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے زخمیوں کی جلد صحت یابی ،بے گھر ہونے والوں کی بحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ملائیشین عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے ملائیشیا میں جاری امدادی و ریسکیو کارروائیوں میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشین حکومت کو امدادی کارروائیوں میں جس قسم کی معاونت درکار ہو ئی پاکستان فراہم کرے گا۔
اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں اظہار ہمدردی اور فکرمندی کے جذبات اور رابطہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہیں۔


