افواج پاکستان نے میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر ) کو 54ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کا لازوال کارنامہ پاک افواج کے ناقابل تسخیر عزم کی روشن علامت ہے، شہید سپوتوں کی خدمات قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج نے میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کو 54ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج قیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19مئی 1971ء کو میجر محمد اکرم نے اپنے دفاعی مورچے پر ڈٹ کر قبضہ برقرار رکھا، 3 دسمبر 1971 کو اِنہیں دشمن کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کا اہم فریضہ سونپا گیا۔
میجر اکرم نے پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن کے 3 ٹینک تباہ کئے اور شدید زخمی ہونے کے باوجود بہادری سے لڑتے رہے۔
5دسمبر 1971 کو میجر اکرم نے جامِ شہادت نوش کر کے بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔
ترجمان کے مطابق میجر محمد اکرم شہید کا لازوال کارنامہ پاک افواج کے ناقابلِ تسخیر عزم کی روشن علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج ان تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم اپنے ان جری سپوتوں کی قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی، ان سپوتوں کی لازوال خدمات ہماری قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی گئی ہیں۔


