امریکا میں پولیس نے دہشتگرد تنظیم داعش خراسان کو مدد فراہم کرنے کے الزام میں ایک اور افغان شہری کو گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت جان شاہ شافی کے نام سے ہوئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق شافی کو ورجینیا کے علاقے وینسبورو سے گرفتار کیا گیا۔
جان شاہ 2021 میں سابق صدر جو بائیڈن کے آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکا پہنچا تھا۔
امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے بیان کے مطابق جان شاہ شافی پر الزام ہے کہ وہ نہ صرف داعش خراسان کو مدد فراہم کرتا رہا بلکہ اس نے افغانستان میں ایک ملیشیا گروپ کے کمانڈر اپنے والد کیلئے بھی اسلحہ بھجوایا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ملزم نے عارضی تحفظ کی حیثیت کیلئے درخواست بھی دی تھی تاہم سیکرٹری ڈی ایچ ایس کرسٹی نوم کی جانب سے افغان شہریوں کیلئے ٹی پی ایس ختم کئے جانے کے بعد اسکی درخواست مسترد کر دی گئی۔
ڈی ایچ ایس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے 20 جنوری کو افغان پناہ گزینوں کی آبادکاری پروگرام معطل کردیا تھا اور افغان شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔
ذرائع کے مطابق بائیڈن دور میں تقریبا 1 لاکھ 90 ہزار افغان شہری امریکا میں داخل ہوئے۔


