نوم پنہ(شِنہوا)کمبوڈیا کے معروف انگ کور آثار قدیمہ پارک نے سال 2025 کے پہلے 11 ماہ کے دوران 74492 چینی سیاحوں کو خوش آمدید کہا۔ یہ شرح گزشتہ سال کی اسی مدت کی تعداد 71177 سے 4.6 فیصد زیادہ ہے۔
سرکاری ادارےانگ کور انٹرپرائز کی رپورٹ کے مطابق چین اس سال جنوری تا نومبر کی مدت کے دوران امریکہ،برطانیہ اور فرانس کے بعد یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل اس مقام کا دورہ کرنے والے بین الاقوامی سیاحوں کا چوتھا بڑا ذریعہ تھا ۔
رائل یونیورسٹی آف نوم پنہ کے انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل سٹڈیز اینڈ پبلک پالیسی کے لیکچرار تھونگ مینگ ڈیوڈ نے کہا کہ آنےوالے سالوں میں انگ کور میں چینی سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ چین کی طرف سے بتدریج بیرون ملک سیاحتی بحالی، فضائی رابطوں کی بہتری اور کمبوڈیا کی طرف سے اپنی سیاحتی مارکیٹ کو متنوع بنانے کی نئی کوششوں کی وجہ سے یہ اضافہ ممکن ہوگا۔
مینگ ڈیوڈ نے کہا کہ کمبوڈیا کی حکومت کی چینی شہریوں کے لئے نئی آزمائشی ویزا فری پالیسی، جو 15 جون سے 15 اکتوبر 2026 تک نافذ ہوگی، طویل مدتی طور پر ایک محرک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سے سفر کی رکاوٹیں کم ہوں گی اور نئے و بار بار آنے والے سیاحوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔



