واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں یوکرینی حکام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ماسکو میں نظرثانی شدہ امن منصوبے پر اتفاق رائے میں ناکامی کے دو دن بعد ہو رہی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں سینئر امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کی قومی سلامتی و دفاعی کونسل کے سیکرٹری اور ملک کے مرکزی مذاکرات کار رستم عمروف نے مذاکرات کے لئے فلوریڈا آنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی دعوت قبول کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وٹکوف یوکرینی حکام کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی پانچ گھنٹے کی ملاقات کے دوران روس-یوکرین تنازع کے خاتمے کے معاہدے کے لئے روس کی طرف سے پیش کردہ شرائط سے آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل یوکرین کے صدر وولو دیمیر زیلنسکی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ یوکرینی مذاکرات کار آنے والے دنوں میں یورپی اور امریکی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرینی نمائندے اپنے یورپی ساتھیوں کو گزشتہ روز ماسکو میں امریکی وفد کی جانب سے ہونے والے رابطوں کے بعد ملنے والی معلومات سے آگاہ کریں گے اور وہ ضروری سکیورٹی ڈھانچے کے یورپی پہلو پر بھی بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات میں سب سے حساس چیزیں اور سب سے حساس معاملے زمینیں، منجمد روسی اثاثے اور یوکرین کے لئے سکیورٹی کی ضمانتوں کے متعلق ہیں۔



