صوفیہ(شِنہوا) بلغاریہ اور چین کے درمیان گاڑیوں کے شعبے میں تعاون پر ایک کاروباری فورم منعقد ہوا جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا اور نئی شراکت داریوں کو قائم کرنا تھا۔
بلغاریہ میں چین کے سفارت خانے اور بلغارین ایوان صنعت و تجارت (بی سی سی آئی) کے زیر اہتمام اس فورم میں 50 سے زائد بلغارین اور چینی کمپنیوں نے شرکت کی۔
بلغاریہ میں چین کی سفیر دائی چھنگ لی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے ترجیحی شعبوں، ترقی کی سمت اور تعاون کی ضروریات سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے اور دوطرفہ شراکت داری کو گہرا کرنے کے لئے ایک قیمتی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
دائی نے کہا کہ دونوں ممالک کے گاڑیوں کے شعبوں نے قریبی تعاون برقرار رکھا ہے اور گریٹ وال اور ڈونگ فینگ جیسی چینی کمپنیوں کو بلغاریہ میں کئی سالوں کا تجربہ ہے۔
دائی نے مزید کہا کہ چین میں گاڑیوں نے روایتی ذرائع سے آگے بڑھ کر نئی توانائی، مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا ٹیکنالوجیز کے انضمام کی شکل اختیار کر لی ہے۔
بلغاریہ کے نائب وزیر برائے معیشت و صنعت ڈونچو باربالوف نے کہا کہ ان کے ملک کی آٹوموٹو صنعت نے حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور 350 سے زائد کمپنیوں میں 75 ہزار سے زیادہ افراد برسر روزگار ہیں۔
باربالوف کے مطابق بلغاریہ یورپی آٹوموٹو شعبے میں گہرائی سے ضم ہو چکا ہے۔ اس وقت یورپی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے 80 فیصد سینسر بلغاریہ میں تیار کئے جاتے ہیں۔
باربالوف نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف بلغاریہ کے لئے بلکہ یورپی یونین اور چین کے لئے بھی فائدہ مند ہو گا۔


