جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
بدھ کو جنوبی افریقا نے گوہاٹی ٹیسٹ میں بھارت کو 408 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
بھارت کو دوسری اننگز میں 549 رنز کا ہدف ملا، لیکن پوری بھارتی ٹیم صرف 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یوں جنوبی افریقا نے 25 سال بعد بھارتی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما ٹیسٹ کرکٹ میں بغیر کوئی میچ ہارے سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے کپتان بن گئے۔
باووما نے بطور کپتان 12 میچوں میں11 فتوحات حاصل کیں جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔ باووما کی کپتانی میں ابھی تک کسی ٹیم نے جنوبی افریقا کو ٹیسٹ میچ میں شکست نہیں دی۔
اس سے پہلے یہ اعزاز انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک بریرلی کے پاس تھا، جنہوں نے 15 ٹیسٹ میچوں میں بغیر کوئی شکست کے 10 فتوحات حاصل کی تھیں۔
واضح رہے کہ ٹیمبا باووما کی قیادت میں جنوبی افریقا نے نہ صرف مسلسل فتح کے سلسلے کو برقرار رکھا بلکہ رواں سال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی جیتی۔


