لاہور میں ریت سے بھری تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق کانسٹیبل محمد صفدر اور کانسٹیبل محمود کارپوریشن چوک میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اچانک تیز رفتار بے قابو ٹریکٹر ٹرالی نے دونوں کو روند دیا جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد صفدر موقع پر ہی شہید جبکہ کانسٹیبل محمود زخمی ہوگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام موقع پر پہنچے اور شہید کی نعش اور زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر ٹریکٹر ٹرالی قبضے میں لے لی اور فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔


