بیجنگ(شِنہوا)چین میں شہری ہوا بازی کی صنعت نے اکتوبر میں بین الاقوامی مسافر اور کارگو ٹریفک میں گزشتہ سال کی نسبت 20 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا۔
چین کی شہری ہوابازی انتظامیہ کے منگل کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فضائی سامان اور ڈاک کی ماہانہ ترسیل تاریخ میں پہلی بار 9 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی۔
اکتوبر میں فضائی صنعت کا مجموعی ٹرانسپورٹ ٹرن اوور 14.6 ارب ٹن-کلومیٹر رہا جو گزشتہ سال کی نسبت 10.8 فیصد زائد ہے۔
مسافروں کی نقل و حمل 6 کروڑ 78 لاکھ 40 ہزار تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.8 فیصد زائد ہے جبکہ سامان اور ڈاک کی ترسیل 13.4 فیصد بڑھ کر تقریباً 9 لاکھ 17 ہزار ٹن ہو گئی۔
سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران صنعت کا مجموعی ٹرانسپورٹ ٹرن اوور 10.3 فیصد بڑھ کر 136.63 ارب ٹن-کلومیٹر ہو گیا۔ اس عرصے میں تقریباً 65 کروڑ مسافر دورے کئے گئے جو 5.3 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں جبکہ سامان اور ڈاک کی ترسیل 13.9 فیصد بڑھ کر 83 لاکھ10 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔



