شنگھائی(شِنہوا)چین میں تیار کردہ ایک انسان نما روبوٹ نے بغیر بند ہوئے ملک کے مشرقی شہروں کے درمیان 106 کلومیٹر کا پیدل سفر طے کر کے ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
شنگھائی میں قائم ایجی بوٹ نامی کمپنی نے اس اینڈرائیڈ اے 2 کو تیار کیا ہے، اس نے 10 نومبر کی رات کو سوژو سے اپنا سفر شروع کیا اور 13 نومبر کی صبح سویرے شنگھائی میں بند تک پہنچا۔
ریپڈ ہاٹ-سویپ بیٹری سسٹم کی بدولت روبوٹ پورے سفر کے دوران فعال رہا۔ روبوٹ نے 106.286 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جس کی تصدیق جمعرات کو سرکاری طور پر کی گئی۔
ایجی بوٹ کےسینئر نائب صدر وانگ چھوانگ نے کہا کہ سوژو سے شنگھائی تک پیدل چلنا بہت سے انسانوں کے لئے بھی ایک مشکل کام ہے لیکن روبوٹ نے اسے حاصل کرلیا۔
یہ روبوٹ کے ہارڈ ویئر، سیربیلر بیلنس الگورتھم اور برداشت کی پختگی کو ثابت کرتا ہے جو بڑے پیمانے پر تجارتی استعمال کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
یہ دوہری جی پی ایس ماڈیولز، ایل آئی ڈی اے آر اور انفراریڈ ڈیپتھ سینسرز سے لیس ہے جس کی مدد سے اس نے ٹریفک لائٹس، تنگ راستوں اور ہجوم والے فٹ پاتھ جیسے پیچیدہ حالات میں بھی دن رات مستقل مشاہدہ برقرار رکھا۔
روبوٹ نے اسفالٹ سڑکوں، ٹائل شدہ واک ویز، پلوں، ٹیکٹائل پیونگ اور ریمپس پر چلتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کی۔
آمد پر شنہوا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں روبوٹ نے اس سفر کو اپنی مشینی زندگی کا ایک ناقابل فراموش تجربہ قرار دیا اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ اسے شاید نئے جوتوں کی ضرورت ہو گی۔
اس سے قبل اپریل میں بیجنگ انسان نما روبوٹ انوویشن سنٹر کے تیارکردہ ٹائن کونگ الٹرانے 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن 2 گھنٹے اور 40 منٹ میں مکمل کی تھی۔


