ہفتہ, نومبر 22, 2025
ہومپاکستانوفاقی آئینی عدالت کا آئین کی تشریح، شفافیت، آزادی، دیانت کیساتھ کرنے...

وفاقی آئینی عدالت کا آئین کی تشریح، شفافیت، آزادی، دیانت کیساتھ کرنے کا اعلان

وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ آئین کی تشریح شفافیت، آزادی اور دیانت کیساتھ کرینگے، آنیوالا ہر معاملہ انصاف کے اصولوں، عدالتی وقار کیساتھ غیر معمولی احتیاط، منصفانہ انداز میں نمٹایا جائے گا۔

وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد جاری اپنے پہلے پیغام میں چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام ہماری قومی آئینی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ہے جو ریاست پاکستان کے قانون کی حکمرانی اور آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دیرپا وعدے سے ہماری اجتماعی وابستگی کی تجدید کرتا ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اس عدالت کو ایک نہایت اہم اور نازک فریضہ سونپا گیا ہے، اس عدالت کا کردار صرف قضائی نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے جو قوم کے شہریوں کی زندگیوں، آزادیوں اور امنگوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ادارہ جاتی سفر کے آغاز پر ہمارا عزم ہے کہ ایک ایسا عدالتی فورم قائم کیا جائے جو دیانت، غیر جانبداری اور علمی بصیرت کی اعلی مثال ہو، ہمارے سامنے آنے والا ہر معاملہ آئین کی بالادستی، انصاف کے اصولوں اور عدالتی وقار کے ساتھ غیر معمولی احتیاط اور منصفانہ انداز میں نمٹایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسی عدالتی روایت تشکیل دینے کی خواہش رکھتے ہیں جو مدلل فیصلوں، ادارہ جاتی وقار اور عوامی اعتماد پر مبنی ہو اور یہی خصوصیات کسی بھی آئینی عدالت کی بنیاد ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کا پہلا چیف جسٹس ہونا میرا لئے باعث اعزاز ہے، بطور چیف جسٹس مجھے اس ادارے کی بنیادوں کی تشکیل میں حصہ ڈالنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے وفاقی آئینی عدالت پاکستان میں آئینی بالادستی کی محافظ ،آنے والی نسلوں کیلئے عدل و انصاف کی مضبوط علامت بن کر قائم رہے۔

انہوں نے دعاء کی کہ اللہ تعالی ہمیں دانش، انکسار اور آئین سے غیر متزلزل وابستگی کیساتھ فرائض ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Website |  + posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!