الیکشن کمیشن نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی دھمکیوں پر این اے 18 ہری پور ضمنی انتخاب کی سیکیورٹی کیلئے افواج پاکستان کو طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو لکھے گئے خطوط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی سہیل آفریدی نے جلسے میں ضلعی انتظامیہ پولیس اور الیکشن عملے کو دھمکایا اور عوام کو اکسایا جس پر نوٹس لیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ جلسے کے موقع پر وزیراعلی کے ہمراہ ایک مفرور مجرم بھی کھڑا تھا جس کی اہلیہ الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے غیر ذمہ دارانہ رویئے کے باعث این اے 18ہری پور میں پرامن ضمنی انتخاب کا انعقاد مشکل ہو گیا ہے، الیکشن ڈیوٹی پر مامور عملے اور ووٹروں کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے فوج کی تعیناتی ضروری ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو فوری چیف سیکرٹری اور آئی جی سے ملاقات کی ہدایت اور ضروری حفاظتی اقدامات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔


