نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برسلز میں پاکستان ہائوس میں منعقدہ ایک عشائیے کے دوران یورپین پارلیمنٹ کے مختلف ممبران سے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات اور مستقبل کے تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی شراکت، معاشی تعاون اور سیاسی روابط کے فروغ سے متعلق بھی مختلف تجاویز پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور عالمی سطح پر جاری تغیرات کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس پر یورپی اراکین نے پاکستان کے موقف میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔


