عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ ، پراپرٹی بحق سرکار ضبطی کا عمل ختم کردیا جبکہ 7اے ٹی اے ختم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سرکار وکیل کو نوٹس جاری کردیا۔
جمعرات کو اے ٹی سی راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ نے 26نومبر احتجاج مقدمات پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان وکیل فیصل ملک کے مراہ عدالت پیش ہوئیں جبکہ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت کے روبرو حاضر ہوئے اس موقع پرمقدمے کے دیگر 10ملزمان اور پانچوں گواہ بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے سماعت شروع کی تو علیمہ خان نے مقدمے میں شامل دہشت گردی کی دفعہ 7اے ٹی اے کو چیلنج کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دینے، جاری تمام وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے اور منجمد بینک اکائونٹس بحال کرنے کی استدعاء کی۔
عدالت نے 7اے ٹی اے ختم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے احتجاج مقدمے میں دلائل طلب کر لئے جبکہ پراپرٹی بحق سرکار ضبطی کا عمل بھی ختم کر دیا۔
سرکار ی وکیل نے وارنٹ منسوخی اور بینک اکائونٹس بحالی کی سخت مخالفت کی، تاہم عدالت نے آئندہ تاریخ پر علیمہ خان کو حاضری لازمی کا حکم دیتے ہوئے جاری تمام وارنٹس ختم کر دیئے اور آئندہ سماعت پر پانچوں گواہان کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔


