وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کام جادو ٹونے سے نہیں، محنت سے ہوتا ہے، میرے ذہن میں کوئی تفریق نہیں، پنجاب میں بسنے والا ہر شہری میرے لئے برابر ہے، کچھ لوگوں نے سیاست میں کئی سال ضائع کئے اور کام نہیں کیا، انکا نام لو تو بدتمیزی کا خیال آتا ہے۔
راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا خیال آتے ہی ذہن میں موٹر ویز اور ترقیاتی منصوبے آتے ہیں، مخالفین بھی ن لیگ کے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں۔
الیکٹرک بسوں کو چھوٹے شہروں سے لانچ کیا ہے، راولپنڈی میں ستھرا پنجاب کے ورکرز ہر علاقے کو صاف کر رہے ہیں۔
مری میں جتنے کام ہوئے شریف برادران نے کیے، ن لیگ آتی ہے تو ملک ترقی کرنے لگتا ہے، ن لیگ کو جب ہٹایا جاتا ہے تو ملک تنزلی کی طرف جانے لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کا جال ہے تو یہ بسیں چل رہی ہیں، الیکٹرک بسیں ماحول آلودہ نہیں کریں گی اور کرایہ صرف 20 روپے ہے۔
خواتین اور خصوصی افراد کیلئے الیکٹرک بس میں سفر فری ہے، الیکٹرک بسوں کو چھوٹے شہروں سے لانچ کیا ہے، تھل ایکسپریس وے بنانے جارہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ایک وقت تھا جب کینسر کے مریضوں کیلئے مفت دوا بند کردی گئی تھی، اب کینسر، ہیپاٹائٹس اور شوگر کے مریضوں کو گھر پر 2، 2 ماہ کی دوا مل رہی ہے۔
پوٹھوہار ریجن سمیت پنجاب بھر میں پینے کا صاف پانی گھر گھر پہنچائیں گے، پنجاب میں کئی سال میں پہلی بار اسموگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
ستھرا پنجاب کی ڈیڑھ لاکھ کی ٹیم پورا پنجاب صاف کر رہی ہے، گاوں میں بھی شہروں جیسی سہولتیں فراہم کریں گے، پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں چار ماہ میں جرائم میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے، اب لوگ ہتھیار اٹھاتے ہوئے ڈرتے ہیں، خواتین کی ہراسانی کی روک تھام کیلیے نیا نظام لارہے ہیں۔


