ماسکو(شِنہوا)چین۔روس ثقافتی سالوں کی اختتامی تقریب ماسکو کے سٹیٹ ٹریٹیاکوف گیلری میں منعقد ہوئی جس کے ساتھ 2 سالہ ثقافتی تبادلے کا پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔
مئی 2024 میں بیجنگ میں سرکاری طور پر شروع ہونے والے چین۔روس ثقافتی سالوں میں سینکڑوں مشترکہ ثقافتی تقریبات شامل تھیں جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے اور تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔
اختتامی تقریب کے دوران دونوں ممالک کے موسیقاروں نے مشہور چینی اور روسی موسیقی کی دھنیں پیش کیں۔ گیلری میں ایک آرٹ نمائش بھی لگائی گئی جس میں 14 ویں سے 19 ویں صدی تک کی چینی مصوری اور خطاطی کے فن پارے پیش کئے گئے۔
چین۔روس ثقافتی سالوں کے فریم ورک کے تحت فن کار گروہوں اور ثقافتی اداروں نے باہمی دورے کئے اور تہواروں اور فورمز کے ذریعے دو طرفہ ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا۔
روس کے مشہور تھیٹرز اور آرکسٹراز نے بھی چین میں فن کے مظاہرے پیش کئے جبکہ روسی مصور ایلیا ریپن کے فن پاروں پر مشتمل ایک نمائش جولائی میں نیشنل میوزیم آف چائنہ میں منعقد ہوئی۔
اختتامی تقریب میں شریک چینی ادب کی ماہر روسی سکالر تاتیانا سیمینووا نے کہا کہ ایسے ثقافتی تبادلے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔
تاتیانا نے کہا کہ آج زیادہ سے زیادہ روسی چین کو بہتر طور پر جانتے ہیں اور چینی ثقافت کی قدر کرتے ہیں۔


