ڈسلڈورف، جرمنی(شِنہوا)جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں طبی آلات کی معروف نمائش شروع ہوگئی، جس میں 1300 سے زائد چینی کمپنیاں شریک ہیں۔
میڈیکا 2025 طبی آلات کی سب سے بڑی اور بااثر تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال تقریباً 80 ہزار زائرین 160 سے زائد ممالک اور خطوں سے آئیں گے۔ اس سال کی تقریب میں طبی ٹیکنالوجی اور آلات، ڈیجیٹل صحت، لیبارٹری اور تشخیص، فزیو ٹیکنالوجی اور ڈسپوز ایبل مصنوعات پر توجہ دی گئی ہے۔
دنیا بھر کے شرکاء میں غیر یورپی ممالک میں سب سے زیادہ چینی ادارے شامل ہیں۔

جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں شہری طبی آلات کی نمائش میڈیکا 2025 کا دورہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)
چائنہ ایسوسی ایشن فار میڈیکل ڈیوائسز انڈسٹری کے بین الاقوامی تعاون کے شعبے کے نائب ڈائریکٹر شیا تیان نے کہا کہ چینی نمائش کنندگان کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ان کی مصنوعات کا معیار بہتر ہوا ہے۔
تقریب میں ایک تجربہ کار مہمان کے طور پر شیا نے شِنہوا کو بتایا کہ چینی کمپنیاں عالمی سطح پر پہچان حاصل کر رہی ہیں۔ ان کی مصنوعات ٹیکنالوجی کے لحاظ سے مزید جدید ہو رہی ہیں اور ہر گزرتے سال کے ساتھ ان کی اقسام میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پرانے اور نئے دونوں چینی نمائش کنندگان تقریباً ہر نمائشی ہال میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس سال چھونگ چھنگ شی شان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ نے پچھلے سال کے مقابلے میں دس گنا بڑا نمائشی علاقہ حاصل کیا۔ کمپنی کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر ہو چھنگ یو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دنیا بھر کے زیادہ سے زیادہ صارفین کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کریں۔

جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں منعقدہ طبی آلات کی نمائش میڈیکا 2025 میں ایک سٹال پر آپٹیکل آلات نمائش کے لئے رکھے ہیں-(شِنہوا)
ژے جیانگ تیان سونگ میڈیکل انسٹرومنٹ کمپنی لمیٹڈ کے جنرل منیجر لیو پھنگ نے گزشتہ 20 سالوں میں طبی نمائش میں اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر قائل ہیں کہ چین کی طبی آلات کی صنعت دنیا کے اعلیٰ درجے کے گروپ کے قریب پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض کمپنیاں تو عالمی سطح پر رہنما بن چکی ہیں۔
منتظمین کے مطابق تقریباً 70 ممالک اور خطوں نے میڈیکا 2025 میں حصہ لیا۔ یہ نمائش 20 نومبر تک جاری رہے گی۔



