وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے کو پر امن رکھنے کیلئے ہمیں رواداری کی راہ پر چلنا ہوگا، نبی پاک کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے، آپ دشمنوں کیساتھ بھی رواداری کا مظاہرہ کرتے، دین اسلام پرامن رہنے اور رواداری اختیار کرنے کا درس دیتا ہے، معاشرہ برداشت اور رواداری کے رویوں کا متلاشی ہے، لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے رواداری کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔
برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے اس دور میں رواداری اور برداشت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، نفرت، عدم برداشت اور نا اتفاقی کا خاتمہ محبت، برداشت اور اتفاق کے ساتھ ہی ممکن ہے، آئیے آج ہم دنیا کو رواداری کیساتھ سب کے رہنے کیلئے ایک بہتر جگہ بنانے کا عہد کریں، رواداری اختیار کریں اور برداشت کے راستے پر چلیں، دنیا میں پہلے ہی عدم برداشت کے باعث بے شمار مسائل میں الجھی ہوئی ہے، منفی رویوں سے نہ صرف خاندان بلکہ معاشرے تباہی کی طرف جاتے ہیں، معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے سدباب کیلئے مثبت سوچ اور بہترین طرز عمل اپنانا ہوگا، ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی روش اختیار کرنا ہوگی۔
انکا کہنا تھا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔


