بدھ, نومبر 19, 2025
ہومانٹرنیشنلابوظہبی کا چینی کمپنی کے اشتراک سے بغیر ڈرائیور ٹیکسی سروس کا...

ابوظہبی کا چینی کمپنی کے اشتراک سے بغیر ڈرائیور ٹیکسی سروس کا تجربہ

ابوظہبی(شِنہوا)جیسے جیسے خودکار ڈرائیونگ کی ٹیکنالوجی بتدریج بین الاقوامی مارکیٹ میں داخل ہو رہی ہے، ابوظہبی نے حال ہی میں اپنے جزیرہ سعدیات پر خودکار ٹیکسی سروس کا آزمائشی آغاز کیا ہے۔

آزمائش کے دوران شِنہوا کے ایک نمائندے نے خودکار گاڑی میں سوار ہو کر پائلٹ پروگرام کا براہ راست تجربہ کیا، جو متحدہ عرب امارات کی کمپنی آٹو گو اور چین کی خودکار رائیڈ ہیلنگ کمپنی اپولو گو کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ہے، جسے حال ہی میں ابوظہبی میں بغیر ڈرائیور مکمل آپریشن کے لئے پہلا تجارتی لائسنس حاصل ہوا۔

دروازے بند ہوتے ہی گاڑی نے ہموار رفتار پکڑی۔ اندر کے سکرینز پر حقیقی وقت کا نیویگیشن نقشہ دکھایا گیا جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نظام مسلسل سڑک کی حالت کا تجزیہ کر رہا تھا، رفتار کی حدیں شناخت کر رہا تھا، ٹریفک سگنلز پڑھ رہا تھا اور فاصلہ درستگی کے ساتھ ماپ رہا تھا۔ اس سفر نے نمایاں طور پر محفوظ اور پر سکون احساس فراہم کیا۔

سفر کے دوران گاڑی نے مضبوط تکنیکی استحکام اور بھروسہ مندی کا مظاہرہ کیا۔ یہ ٹریفک اشاروں پر مدھم انداز سے رکی، مقررہ لینوں میں رہی اور پہلے سے مقررہ ہر مقام تک بروقت پہنچی، اور یہ سب کچھ بغیر کسی انسانی مداخلت کے ہوا۔ سنائی دینے والی واحد آواز اس کے الیکٹرک موٹرز کی ہلکی گونج تھی۔

ابوظہبی کے مربوط ٹرانسپورٹ سنٹر میں ٹرانسپورٹ سروس پلاننگ کی سربراہ فاطمہ الحنتوبی نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ آزمائش حقیقی دنیا میں خودکار گاڑیوں کی تیاری کا جائزہ لینے میں ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان گاڑیوں کا حقیقی ماحول میں تجربہ کر رہے ہیں اور حفاظتی معیار پر سب سے زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا یہ ٹیکنالوجی اپنے ماحول کو اس حد تک درستگی کے ساتھ محسوس کر سکتی ہے جو بعض حالات میں انسانی صلاحیت سے بھی بہتر ہے۔

الحنتوبی کے مطابق یہ آزمائشیں عالمی رجحان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپولو گو نے حال ہی میں اعلان کیا کہ اس کے خودکار بیڑے نے 24 کروڑ کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کیا ہے، 22 شہروں میں کام کر رہا ہے، ہر ہفتے 2 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ آرڈرز وصول کرتا ہے، اور اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ سواری مکمل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رفتار ابوظہبی کے مستقبل کی موبیلٹی کے لئے سٹریٹجک نقطہ نظر کو ظاہر کرتی ہے، جو صرف ٹیکنالوجی کی تنصیب تک محدود نہیں ہے۔

اپولو گو نے پہلے کہا تھا کہ آٹو گو کے ساتھ اس کا اشتراک امارات میں سب سے بڑا خودکار ڈرائیونگ بیڑا بنانے کے مقصد پر مبنی ہے، جو ابوظہبی کے اخراجات کو کم کرنے، نقل و حمل کے معیار کو بہتر بنانے اور سمارٹ سٹی کی ترقی کو آگے بڑھانے کے اہداف کے حصول میں معاونت کرے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!