جنان(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے حکام نے ساحلی پانیوں کے اضافی 43 ہزار مربع میٹر علاقے کو ثقافتی نوادرات کے زیر آب تحفظ زون کا حصہ قرار دیا ہے جس کا مقصد طویل عرصہ قبل پہلی چین-جاپان جنگ کے دوران ڈوبنے والے 3 جنگی بحری جہازوں کی گمشدہ باقیات کا تحفظ کرنا ہے۔
شان ڈونگ صوبائی محکمہ ثقافت اور سیاحت نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر محفوظ شدہ آبی علاقے کا درست محل وقوع جاری کیا ہے۔ عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پہلی چین-جاپان جنگ کی زیر آب ثقافتی نوادرات کو محفوظ بنانا ہے۔
تحفظ کے نئے اقدامات کے تحت اس علاقے میں ماہی گیری، دھماکہ خیز مواد کا استعمال اور ایسی تعمیراتی سرگرمیاں ممنوع ہوں گی جن سے زیر آب نوادرات کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔
شان ڈونگ زیر آب آثار قدیمہ تحقیقی مرکز کے زیر آب آثار قدیمہ تحقیقی دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژو چھیانگ نے کہا کہ 3 بحری جہازوں کے ملبے کے مقامات ایک دوسرے کے قریب واقع ہیں جو وے ہائی خلیج میں لیوگونگ جزیرے کے قریب 4 سے 6 میٹر زیر آب موجود ہیں۔
ان باقیات کی شناخت ڈنگ یوآن، لائی یوآن اور جنگ یوآن کے طور پر کی گئی ہے۔ بے یانگ بیڑے کے یہ تما م بحری جنگی جہاز چھنگ دور (1644-1912) سے تعلق رکھتے ہیں۔ کسی جہاز کا مکمل ڈھانچہ موجود نہیں ہے، صرف جہازوں کے بکھرے ہوئے ٹکڑے باقی ہیں۔
یہ جہاز پہلی چین-جاپان جنگ کے دوران تباہ ہوئے تھے جسے چین میں جیاوو جنگ کے طور پر جانا جاتا ہے۔یہ جنگ 25 جولائی 1894 کو شروع ہوئی تھی جب جاپانی جنگی جہازوں نے 2 چینی جہازوں پر کوریا کی بندرگاہ آسان کے قریب حملہ کیا تھا۔



