بیجنگ(شِنہوا)چینی صدرشی جن پھنگ نے تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن فرا وجیراکلاؤچایو ہوا کے ساتھ ملاقات کی، اس کے دوران انہوں نے مشترکہ مستقبل کی حامل چین۔تھائی لینڈ برادری کی تعمیر کو مزید آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھائی بادشاہ نے اپنے سرکاری دورے کے لئےسب سے پہلے چین کا ایک بڑے ملک کی حیثیت سے انتخاب کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے کسی تھائی بادشاہ کا یہ چین کا پہلا دورہ ہے جو چین۔تھائی لینڈ تعلقات اور گہری دوستی کو انتہائی اہمیت دینے کی عکاسی کرتا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین اور تھائی لینڈ ایک خاندان کی طرح ایک دوسرے کے قریب ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ملکہ ماں سری کت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ تھائی شاہی خاندان کے چین کے ساتھ قدیم دور سے تعلقات قائم ہیں، ان تعلقات نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کو چین بہت سراہتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ اور چین۔تھائی لینڈ دوستی کی گولڈن جوبلی منائی جارہی ہے۔ صدرشی نے مزید کہا کہ گزشتہ نصف صدی کے دوران بدلتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے کے تناظر میں چین اور تھائی لینڈ نے ہمیشہ مل کر کام کیا ہے اور ایک دوسرے کی حمایت کی ہے،جس سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے اچھے رشتے دار، اچھے دوست اور اچھے شراکت دار بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے تاریخی موڑ کے آغاز پر میں تھائی لینڈ کے بادشاہ کے ساتھ مل کر کام کرنا پسند کروں گا تاکہ آئندہ 50 سالوں میں چین۔تھائی لینڈ مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کو مزید فروغ دیا جا سکے اور مشترکہ طور پر چین۔تھائی لینڈ دوستی میں ایک نیا باب رقم کیا جا سکے۔


