بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ جاپان کو تائیوان سے متعلق اپنے اشتعال انگیز بیانات کو فوری طور پر درست کرکے واپس لینا چاہیے بصورت دیگر تمام نتائج کی ذمہ داری جاپان پر عائد ہوگی۔
لین نے یہ بات ایک معمول کی پریس بریفنگ کے دوران اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی جو جاپانی وزیراعظم سنائی تاکائیچی کے حال ہی میں چین کے تائیوان سے متعلق دیئے گئے بیان کے بارے میں تھا جس میں آبنائے تائیوان میں فوجی مداخلت کے امکان کی طرف اشارہ کیا گیا تھا۔
لین نے کہا کہ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اسے کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔ اگر جاپان نے طاقت کا سہارا لے کر تائیوان کے معاملے میں مداخلت کرنے کی جرأت کی تو یہ جارحیت کے مترادف ہوگا اور چین اس کا مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ہم جاپان کو سخت انتباہ کرتے ہیں کہ اسے جارحیت کے اپنے تاریخی جرائم پر گہرائی سے غور کرنا چاہیے، چین کے اندرونی معاملات میں فوری طور پر مداخلت بند کرنی چاہیے اور اپنی اشتعال انگیز اور تجاوز کرنے والی باتوں اور کاموں کو روکنا چاہیے۔ تائیوان کے معاملے پر آگ سے نہ کھیلیں کیونکہ جو آگ سے کھیلتا ہے وہ بالآخر جل جاتا ہے۔


