ریاض(شِنہوا)سعودی نائب وزیر سیاحت محمود عبدالہادی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا مقصد سیاحت کو اپنے دوسرے سب سے بڑے معاشی شعبے کے طور پر فروغ دینا ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں اور طویل مدتی معاشی پائیداری حاصل کی جا سکے۔
عبدالہادی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی برائے سیاحت کے 26 ویں اجلاس کے اختتام پر شِنہوا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سعودی حکومت کی سیاحت کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں سرمایہ کاری پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 29 ہوائی اڈے ہیں، 70ہزار کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں ہیں اور ایک ترقی پذیر ریل نیٹ ورک موجود ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان مضبوط اور گہرے اقتصادی روابط کی نشاندہی کرتے ہوئے چین کو سعودی عرب کی سیاحت کی ترقی میں اہم شراکت دار قرار دیا۔
عبدالہادی نے کہا کہ چینی کمپنیاں اپنی مہارت اور ٹیکنالوجی کے ساتھ سعودی عرب میں ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور یہ تعاون آنے والے کئی سالوں تک جاری رہے گا۔
حال ہی میں چین کا دورہ کرنے والے عبدالہادی نے چینی ثقافت کی گہرائی اور زندگی سے بھرپور ہونے کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا یقین ہے کہ سعودی عرب آنے والے چینی سیاح ہمارے لوگوں کو نہایت مہمان نواز پائیں گے اور ہماری ثقافت کی گہرائی اور منفرد رنگینی سے بھر پور متاثر ہوں گے۔


