بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور چوٹی کے اداکاروں کو شدید صحت مسائل کا سامنا ہے، لیجنڈ اداکار دھرمیندر کے بعد ایک اور لیجنڈ اداکار گووندا کی طبیعت گزشتہ روز اچانک ناساز ہوگئی اور انکو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 61 سالہ اداکار گزشتہ شب طبی پیچیدگیوں اور ذہنی تنا کے باعث ہوش و حواس کھو بیٹھے تھے جس پر انہیں فوری طور پر ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع کرٹی کیئر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
گووندا کے قریبی دوست اور قانونی مشیر للت بندل نے تصدیق کی ہے کہ اداکار کو رات گئے تقریبا ایک بجے ایمرجنسی میں ہسپتال لایا گیا تھا، انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ گووندا اسوقت ڈاکٹروں کی زیر نگرانی میں ہیں اور ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن کے نتائج کا انتظار ہے، اداکار کے اہلخانہ کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گووندا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


