بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت تجارت نے جنوبی کوریا کی معروف جہاز ساز کمپنی ہنوا اوشن سے منسلک 5 امریکی ذیلی اداروں کے خلاف جوابی اقدامات کو ایک سال کے لئے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چین کی وزارت تجارت نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ معطلی پیر کے روز سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے چین کے سمندری، نقل و حمل اور جہاز سازی شعبوں کو ہدف بنانے والی "سیکشن 301” کی تحقیقات کے نفاذ کو ایک سال کے لئے معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت تجارت کے پچھلے اعلان کے مطابق ہنوا اوشن سے منسلک 5 امریکی ذیلی کمپنیاں، جن کے خلاف جوابی اقدامات کئے گئے تھے جو اب ایک سال کے لئے معطل کر دئیے گئے ہیں، ان میں ہنوا شپنگ ایل ایل سی، ہنوا فلی شپ یارڈ انکارپوریشن، ہنوا اوشن یو ایس اے انٹرنیشنل ایل ایل سی، ہنوا شپنگ ہولڈنگز ایل ایل سی اور ایچ ایس یو ایس اے ہولڈنگز کارپوریشن شامل ہیں۔
یہ جوابی اقدامات وزارت تجارت نے 14 اکتوبر 2025 کو نافذ کئے تھے۔


