جرمنی نے امریکی صدر کے غزہ سے فلسطینیوں کو مصر اور اردن منتقل کرنے کے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیدیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برلن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کئے گئے منصوبے کے بعد فلسطینیوں کو بے دخل کرنا ناقابل قبول ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عوامی بیانات کی روشنی میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ غزہ کے شہریوں کی نقل مکانی کا کوئی بھی منصوبہ ناقابل قبول ہوگا، انہوں نے دو ریاستی حل کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو غزہ کی پٹی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے، امن صرف اسی صورت میں آسکتا ہے جب خود مختار مستقبل کی امید ہو، وہ تمام لوگ جو یہ سمجھتے ہیں کہ فلسطینی ریاست میں خود مختار مغربی کنارے اور غزہ کے بغیر خطے میں امن ہو سکتا ہے، تو یہ منصوبہ کام نہیں کریگا۔


