اداکارہ و میزبان مشی خان نے حال ہی میں دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی ڈاکٹر نبیہا کو انکے متضاد دعوؤں پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا علی خان کو اپنے زیورات اور عروسی لباس کی قیمت سے متعلق متنازع بیانات کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے۔
اداکارہ و میزبان مشی خان نے ڈاکٹر نبیہا کے دعوؤں پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پینتیس کلو کا سیٹ تو امبانی کی شادی میں بھی کسی نے نہیں پہنا ہوگا، آخر کون سی دکان ہے جہاں ڈیڑھ کروڑ روپے میں پینتیس کلو سونا مل رہا ہے؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ سونے کی قیمت تو آسمان کو چھو رہی ہے، اگر واقعی ایسی کوئی دکان ہے جہاں اتنا سونا ڈیڑھ کروڑ میں ملتا ہے تو ہم سب بھی وہیں سے خریداری کرنے جائیں گے۔
مشی خان نے ڈاکٹر نبیہا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے معاشرے میں جہاں لوگوں کے پاس کھانے کے پیسے نہیں وہاں اس طرح کے دکھاوے مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیہا علی خان نے حال ہی میں اپنے قریبی دوست حارث کھوکھر سے نکاح کیا ہے، نکاح کی تقریب معروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔
مولانا طارق جمیل نے خود ان کا نکاح پڑھایا تھا جب کہ اس تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
ڈاکٹر نبیہا نے اپنے نکاح کے موقع پر دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے 35 کلو وزنی سونے کا سیٹ پہنا جس کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے جبکہ معروف ڈیزائنر حنا سلمان کے تیار کردہ ان کے عروسی لباس کی قیمت ایک کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔


