نیروبی(شِنہوا)چینی آٹوموبائل برانڈ جے ٹور نے کینیا کی مارکیٹ میں ایس یو وی کے اپنے 4 نئے ماڈلز متعارف کروا دیئے، جن کی تقسیم کار مقامی کمپنی گلوبل موٹرز سنٹر لمیٹڈ ہوگی۔
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں منعقدہ اس تقریب میں اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور گاڑیوں کی صنعت کے منتظمین نے شرکت کی جنہوں نے ٹی 1، ٹی 2، داشنگ اور ایکس 70 سپورٹس گاڑی کے ماڈلز کی لانچنگ کا مشاہدہ کیا۔
جے ٹور جو 2018 میں چینی کار ساز کمپنی چیری کے ذیلی برانڈ کے طور پر قائم ہوئی، ایسے ایس یو ویز تیار کرتی ہے جو سٹائل، کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرتی ہیں۔
کینیا کی وزارت سرمایہ کاری، تجارت اور صنعت میں صنعت کاری کے سیکرٹری ایراستس گیٹبے نے کہا کہ جے ٹور کی کینیا میں آمد آٹو موبائل شعبے میں کینیا اور چین کے درمیان تعاون کی گہرائی کی علامت ہے۔
گیٹبے نے کہا کہ کینیا میں صارفین کے لئے نئے ماڈلز کا تعارف گاڑیوں کی مقامی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔
جے ٹور انٹرنیشنل کے اسسٹنٹ صدر اینڈی یوآن نے کہا کہ ہر گاڑی کا ماڈل جدید انجینئرنگ، ذہین ٹیکنالوجی اور معقول قیمت کا توازن پیش کرتا ہے اور خاص طور پر کینیا میں بڑھتی ہوئی ایس یو وی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے ٹور مقامی اسمبلی فیکٹری قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ کینیا کے مینوفیکچرنگ شعبے، روزگار کے مواقع اور ہنر کی ترقی میں مدد کی جا سکے۔
گلوبل موٹرز سنٹر لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر فاروق شیخ نے کہا کہ تقسیم کار کمپنی کی بعد از فروخت سہولت میں سرمایہ کاری فاضل پرزہ جات کی دستیابی کو بہتر بنائے گی اور جے ٹور گاڑیوں کے مالکان کے لئے مجموعی ڈرائیونگ تجربے کو فروغ دے گی۔



