اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عمران خان کی رہائی کیلئے جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی جانیں دے دینگے مگر بانی پی ٹی آئی کیلئے لڑیں گے، جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں، ڈرنے والے نہیں، حکمران پوری دنیا میں اپنا مذاق اڑوا رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ صبح کہا گیا آپ عدالت جائیں گی گرفتار کر لیا جائے گا، پہلے یہ بتائیں کہ یہی کیس ہے نا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام دیا ہے، یہ عمران خان سے اتنے خوفزدہ ہیں اسے اپنی حرکت سے ظاہر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جانیں دے دیں گے لیکن بانی پی ٹی آئی کیلئے لڑیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ سوچیں کہ ڈر جائیں گے، جیلوں میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں، یہ صرف پاکستان نہیں باقی دنیا میں بھی اپنا مذاق اڑا رہے ہیں لوگوں کو بھی نظر آرہا ہے، آپ گرفتار کریں اور پھر بتائیں کہ کس چیز کیلئے عمران خان کے ایک اور فیملی ممبر کو گرفتار کیا، یہ خود پھنسے ہوئے ہیں، میں اور میری بہنیں جیل جانے کیلئے تیار ہیں، اگر میں اور میری بہنیں نہ ہوئیں تو ہمارے بچے کھڑے ہو جائینگے ساروں کو جیل میں ڈال دیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے یہ جنگ جاری رکھیں گے۔


                                    
