بیجنگ(شِنہوا)چین کے حکام نے کھپت کو فروغ دینے کے لئے ڈیوٹی فری دکانوں کی پالیسیوں میں بہتری سے متعلق ایک نوٹس جاری کیا ہے۔
وزارت خزانہ اور 4 دیگر سرکاری محکموں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری ہونےوالے نوٹس کے مطابق یہ پالیسیاں اس ہفتہ سے نافذ العمل ہوں گی اور ان کا مقصد صارفین کو ملک کے اندر خریداری کی ترغیب دینا ہے۔
یہ اقدامات بنیادی طور پر 4 پہلوؤں پر مرکوز ہیں جن میں ٹیکس ریفنڈ اور ڈیوٹی فری پالیسیوں کو بہتر بنانا، نیز ڈیوٹی فری دکانوں میں دستیاب مصنوعات کی اقسام کو مزید وسعت دینا شامل ہے۔
اس نوٹس میں ڈیوٹی فری دکانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کے خریداری کے انتخاب کو بہتر بنانے کے لئے جدید ترین اور تیزی سے فروخت ہونے والی اشیاء موبائل فونز، مائیکرو ڈرونز، کھیلوں کا سامان، ہیلتھ فوڈ اور پالتو جانوروں کی خوراک کی زیادہ خریداری کریں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی فری دکانوں کے لئے منظوری کے اختیارات کو نرم کرنے اور سہولت کاری و نگرانی کے اقدامات کو بہتر بنانے کی بھی کوششیں کی جائیں گی۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان سٹورز کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ آن لائن بکنگ کی خدمات فراہم کریں اور شہر کے وسط میں واقع ڈیوٹی فری دکانوں پر بک کی گئی اشیاء کو ایڈوانس میں بندرگاہوں یا داخلی راستوں پر واقع سٹورز سے اٹھایا جا سکتا ہے۔




 
                                    