کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے سرکاری گاڑیوں کا ذاتی استعمال کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگرانی موثر و شفاف بنانے کیلئے تمام گاڑیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے ،تمام محکمے اخراجات میں کمی و مالی نظم و ضبط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
بدھ کو شرجیل میمن کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ، وزیر برائے داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار، وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور اعلی افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور استعمال سے متعلق تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔
وزارتِ قانون، پارلیمانی امور، بلدیات، داخلہ، اطلاعات، اینٹی کرپشن، اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری، ضرورت، اور مالی اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کابینہ نے کفایت شعاری کے اصولوں کو اپنی پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا ہے، سرکاری گاڑیوں کی خریداری، مرمت، اور استعمال کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی جن محکموں کو گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے، انہیں سہولت دی جائے گی، غیر ضروری اخراجات سے گریز ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو اپنے اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نگرانی موثر اور شفاف بنانے کیلئے تمام گاڑیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے ،افسران ہر محکمے کی موجودہ گاڑیوں کی تعداد، حالت، اور ضرورت کے بارے میں مکمل رپورٹ پیش کریں تاکہ ضرورت کی بنیاد پر فیصلے کئے جا سکیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال یا غیر مجاز مقاصد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔



