شنگھائی(شِنہوا)چین کی موسیقی کے آلات کی صنعت نے روایتی دستکاری اور سمارٹ ٹیکنالوجی دونوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
حال ہی میں چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں منعقدہ میوزک چائنہ 2025 نمائش میں نمائش کنندگان نے کئی جدید مصنوعات پیش کیں جن میں ہیڈ لیس الیکٹرک گٹار شامل ہے جس میں بلٹ ان چپس اور آڈیو الگورتھمز موجود ہیں جو ہائی ڈیفینیشن سیمپلنگ کے لئے استعمال ہوتے ہیں جبکہ ایک الیکٹرانک کی بورڈ بھی پیش کیا گیا جس میں اگلی نسل کے ساؤنڈ سورسز اور سمارٹ انٹرفیسز شامل ہیں۔ یوں یہ آلات کارکردگی اور نغمہ نگاری دونوں کے لئے ہمہ گیر حل فراہم کرتے ہیں۔
موسیقی کے آلات کی تیاری اور برآمدات میں چین طویل عرصے سے ایک عالمی طاقت رہا ہے۔ شنگھائی میں اس سال کی نمائش میں نمایاں ہونے والی اختراع اور تزویراتی موافقت کے ذریعے اس کی پوزیشن کو مزید تقویت ملی ہے۔
چائنہ میوزیکل انسٹرومنٹ ایسوسی ایشن (سی ایم آئی اے) کے مطابق صنعت کی برآمدی مالیت میں 2024 میں 8.5 فیصد کا اضافہ ہوا جو 2.2 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس نمو کی ایک اہم وجہ سمارٹ آلات کا شعبہ تھا جو 2024 میں نمایاں ہوا جس کی آمدنی 5.655 ارب یوآن (تقریباً 79 کروڑ 78 لاکھ امریکی ڈالر) تھی۔
سمارٹ آلات جن کی تعریف روایتی خصوصیات کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ساتھ ملانے والے آلات کے طور پر کی جاتی ہے، ان میں سمارٹ الیکٹرک پیانو، الیکٹرانک کی بورڈ، سٹرنگ لیس گٹار، ایئر ڈرم سیٹ اور سمارٹ گٹار جیسی مصنوعات شامل ہیں۔ یہ خودکار سنگت اور حقیقی وقت میں غلطی کی اصلاح جیسے فنکشنز پیش کرتے ہیں، اس طرح موسیقی سیکھنے کی رکاوٹوں کو نمایاں طور پر کم کرتے ہیں اور موسیقی کے اظہار کو بہتر بناتے ہیں۔



