مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ کشمیری مہاجرین کو سینے سے لگانے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، کشمیری عوام نے افواجِ پاکستان کیساتھ مل کر خطے کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں دیں، ریاست جموں و کشمیر کے قیام کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے آزاد ہونے پر پورا ہوگا۔
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے قیام کے 78 برس مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک پسماندہ علاقہ شمار ہوتا تھا، مگر آج ہر شعبہ میں ترقی کررہا ہے، یہاں انسانی آزادی کی صورتحال مثالی ہے، آزادکشمیر میں بے مثال عدالتی نظام موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے افواج پاکستان کے جوانوں کیساتھ مل کر قربانیاں دیں اورخطے کی حفاظت کی، شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین و خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے دنیا کی جنگی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا، پاکستان نے خود سے کئی گنا بڑے ملک ہندوستان کو بری، بحری، فضائی، سفارتی اور سائبر حکمت عملی سمیت تمام محاذوں پر شکست فاش دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کے تکبر کو خاک میں ملایا، پاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، معرکہ حق میں کامیابی کا کریڈٹ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج کو جاتا ہے، تمام محاذوں پر دشمن کو شکست ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے قیام کا مقصد اس وقت تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام ہندوستان کے قبضہ سے آزاد نہ ہوجائیں، مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ 35سالوں میں ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا گیا، حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے جتھوں نے لاکھوں کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جبکہ پاکستان نے کشمیری مہاجرین کو سینے سے لگایا جس پر شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان تمام حربوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبوں کو شکست نہیں دے سکا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کا طلوع ہوتا سورج جلد دیکھیں گے۔



