بیجنگ(شِنہوا)چین نے اس سال ستمبر کے اختتام تک ملک بھر میں 88 اہم دریا اور جھیلیں کامیابی سے بحال کر لی ہیں، جن کے نتیجے میں ان آبی گزرگاہوں میں دہائیوں سے خشک پڑے ماحولیاتی بہاؤ دوبارہ بحال ہو گئے ہیں۔
وزارت آبی وسائل نے اعلان کیا ہے کہ یہ کامیابیاں 2022-2025 کے دوران مادر دریاؤں کی بحالی کے ملک گیر سطح پر عملی منصوبے کے تحت حاصل کی گئیں۔ ہر دریا اور جھیل کی مخصوص صورتحال کی بنیاد پر ان کی بحالی کے لئے مخصوص منصوبے بنائے گئے۔
نمایاں کامیابیوں میں دریائے زرد کا مسلسل 26 سال تک بلا تعطل بہاؤ برقرار رکھنا اور ایک صدی سے بند بیجنگ۔ہانگ ژو عظیم نہر میں گزشتہ چار برسوں سے پوری لمبائی کے ساتھ پانی کی بحالی شامل ہے۔
دریائےہائی حہ طاسں، جو کبھی پانی کی شدید قلت اور آلودگی کا شکار تھا، منظم بحالی نے ماحولیاتی تنزلی کو الٹ دیا ہے۔ دریائے یونگ ڈنگ جس میں 26 سال تک خشک حصے رپورٹ ہوئے تھے، اب مسلسل 5 سال سے پوری لمبائی کے ساتھ بہہ رہا ہے جبکہ چین کے شمالی علاقوں میں ایک اہم آبی گزرگاہ بائی یانگ دیان جھیل میں مسلسل 7 سال سے مستحکم ماحولیاتی آبی سطح برقرار ہے۔
وزارت کے مطابق مستقبل میں چین کا منصوبہ ہے کہ وہ اس پروگرام کو مزید خطوں تک وسعت دے اور دریاؤں اور جھیلوں کی بحالی کے لئے طویل المدتی طریقہ کار قائم کرے، جبکہ چینی دریاؤں اور جھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے بحالی کے مخصوص نقطہ نظر کو جاری رکھے۔
