دبئی(شِنہوا)دبئی کے اعلیٰ حکام نے چین کے ساتھ کاروباری اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی اور دبئی فیوچر ڈسٹرکٹ فنڈ کے حکام نے گلف انفارمیشن ٹیکنالوجی نمائش (جی آئی ٹی ای ایکس گلوبل) کےحصے ایکسپینڈ نارتھ سٹار میں شِنہوا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات چین کے ساتھ معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
13 سے 17 اکتوبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں ہونے والی جی آئی ٹی ای ایکس گلوبل ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور سٹارٹ اپ کی دنیا کی سب سے بڑی نمائشوں میں سے ایک ہے۔
دبئی فیوچر ڈسٹرکٹ فنڈ (ڈی ایف ڈی ایف) کے ڈائریکٹر نادر البستاکی نے شِنہوا کو بتایا کہ میں دبئی اور اس کے چینی شراکت داروں کے درمیان مزید تعاون دیکھنے کا خواہاں ہوں۔ اس حوالے سے مزید کاروبار کی گنجائش موجود ہے اور ہم اس حوالے سے پر امید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یو اے ای میں مزید چینی کمپنیاں کاروبار کریں، اسی طرح ہم متحدہ عرب امارات کے کاروباری اور حکومتی اداروں کو وسیع چینی منڈی میں متعارف کرانا چاہتے ہیں اور وہاں ان کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
دبئی چیمبر کے تحت کام کرنے والے تین اداروں میں سے ایک دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی کے نائب صدر سعیدالگرگاوی نےشِنہوا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ہماری اس شراکت داری، تعاون اور تجارت میں توسیع ہو رہی ہے۔ چین میں شین زین، شنگھائی اور ہانگ کانگ میں ہمارے تین دفاتر قائم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بالخصوص چینی کمپنیاں مختلف منڈیوں میں اپنے دائرہ کار کو وسیع کر رہی ہیں اور وہ دبئی کو نہ صرف اپنی ٹیکنالوجی اور خدمات کے حوالے سے بطور تجرباتی پلیٹ فارم استعمال کر رہی ہیں بلکہ افریقہ، پورے مشرق وسطیٰ، وسطی افریقہ اور برصغیر تک رسائی کے لئے ایک دروازے کے طور پر بھی استعمال کر رہی ہیں۔
