یروشلم(شِنہوا)اسرائیل کو حماس کی جانب سے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے ذریعے غزہ میں حوالے کی گئیں 2 یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوگئی ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے بیان کے مطابق دونوں تابوتوں کو فرانزک شناخت کے لئے تل ابیب لے جایا جائے گا۔
ان لاشوں کی حوالگی کے بعد اسرائیل نے خبردار کیا تھا کہ اگر حماس نے باقی ماندہ 28 یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہ کیں تو وہ غزہ میں انسانی امداد پر مزید پابندیاں لگا سکتا ہے۔
اسرائیل نے کہا کہ فرانزک معائنے میں یہ معلوم ہوا کہ حماس کی جانب سے پیر اور منگل کو حوالے کی گئی 8 لاشوں میں سے ایک اسرائیلی یرغمالی کی نہیں تھی۔
لاشوں کی واپسی اور 20 زندہ یرغمالیوں کی رہائی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت ہوئی، جس میں اسرائیل نے تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔
حماس کی فوجی شاخ القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے پاس موجود تمام زندہ اسرائیلی قیدیوں اور وہ لاشیں جن تک وہ پہنچ سکتے تھے، معاہدے کے تحت حوالے کر دی ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ باقی لاشوں کو نکالنے کے لئے سخت محنت اور خاص آلات کی ضرورت ہے۔
