ہائیکو(شِنہوا)چین کے جنوبی صوبے ہائی نان میں رواں سال بدھ تک اندرون و بیرون ملک آنے جانے والے مسافروں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 22.4 فیصد زیادہ تھا۔ مقامی سرحدی معائنہ حکام کے مطابق یہ ہدف 2024 کے مقابلے میں 59 دن پہلے حاصل ہو گیا۔
ہائی نان کی ویزا فری پالیسی میں مسلسل بہتری اور اپ گریڈنگ کے باعث اب 86 ممالک کے شہری بغیر ویزے کے ہائی نان داخل ہو سکتے ہیں جس نے اس جزیرہ صوبے کو بین الاقوامی سیاحوں کے لئے چین کے سب سے زیادہ قابل رسائی مقامات میں شامل کر دیا ہے۔ ہائی نان نے اب تک 79 بین الاقوامی مسافر پروازوں کے روٹس بھی کھول دئیے ہیں تاکہ غیر ملکی سیاحوں کی آمد کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
صوبائی دارالحکومت ہائیکو کے سرحدی معائنہ حکام نے کہا کہ اس سال اب تک 10 لاکھ 60 ہزار سے زائد غیر ملکیوں نے ہائی نان میں آمد و رفت کی جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 45.1 فیصد اضافہ ہے۔ یہ چین بھر میں بین الاقوامی آمد و رفت کا 53 فیصد بنتا ہے۔ یہ تعداد ملک کے سب سے نمایاں اعداد و شمار میں شامل ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بغیر ویزا کے داخل ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد 4 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے جو کہ مجموعی غیر ملکی آمد کا 88.9 فیصد ہے۔ اس میں سالانہ 63.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو اب تک کی سب سے بلند سطح ہے۔ ویزا فری داخلہ غیر ملکیوں کی ہائی نان آمد کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔
چین کا ہدف ہے کہ 2025 تک ہائی نان کو بین الاقوامی سیاحت اور خریداری کے ایک مرکز میں تبدیل کیا جائے اور 2035 تک اسے عالمی سطح پر بااثر سیاحتی مقام بنایا جائے۔
