ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ملبوسات کی ایک فیکٹری اور کیمیکل گودام میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دونوں عمارتیں بنگلہ دیش یونیورسٹی آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سامنے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
فائر سروس ہیڈکوارٹرز ڈھاکہ کے میڈیا سیل کے انچارج طلحہ بن جاشم نے شِنہوا کو بتایا کہ ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری میں 12 لاشیں لائی گئی ہیں۔
آگ بجھانے والے عملے کے کم از کم 12 یونٹس صبح تقریباً 11:40 بجے آگ بجھانے کے لئے موقع پر پہنچے۔
سرکاری اہلکار کے مطابق ملبوسات کی سات منزلہ فیکٹری میں آگ تیسری منزل پر لگی تھی، جسے بڑی حد تک بجھا دیا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ کیمیکل گودام میں ابھی بھی آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا، جہاں بلیچنگ پاؤڈر، پلاسٹک اور ہائیڈروجن پرآکسائیڈ جیسا خطرناک مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے اور سکیورٹی حکام نے بھی واقعے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
