ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے کے دارالحکومت ارمچی کے کسٹمز حکام نے بتایا ہے کہ خطے کی دو بڑی ریلوے بندرگاہوں الاشنکو اور ہورگوس نے اب تک ایک لاکھ سے زائد چین-یورپ (وسطی ایشیا) مال بردار ٹرینوں کی آمد و رفت کو سہولت فراہم کی ہے۔
الاشنکو جسے الاتاؤ پاس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، فی الحال چین-یورپ مال بردار ٹرینوں کے 127 روٹس کا مرکز ہے جبکہ ہورگوس ریلوے بندرگاہ پر 89 ایسے روٹس فعال ہیں۔ یہ تمام راستے جرمنی، پولینڈ اور ہنگری سمیت 21 ممالک تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔
قازقستان کی سرحد پر واقع یہ دونوں پورٹس چین کو وسطی ایشیا اور یورپ سے ملانے والی نقل و حمل کی اہم راہداریاں ہیں۔ 2011 میں پہلی چین-یورپ مال بردار ٹرین سروس کے آغاز نے چین کے شمال مغربی سرحدی علاقے کو ملک کے کھلے پن کی کوششوں کے لئے ایک اہم سرحدمیں بدل دیا ہے۔
ان روٹس پر چلنے والی مال بردار ٹرینوں میں لے جائے جانے والے سامان کی اقسام میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ابتدا میں کمپیوٹرز اور موبائل فونز جیسی مصنوعات لے جائی جاتی تھیں لیکن اب ان میں 200 سے زیادہ مختلف مصنوعات شامل ہیں جن میں نئی توانائی کی گاڑیاں، صنعتی مشینری اور اناج و تیل کی مصنوعات شامل ہیں۔
