اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و خوشحالی کا فروغ پاکستان کی ترجیحات ، آذربائیجان کیساتھ قلیل مدت میں قائم تعلقات دنیا کیلئے قابل تقلید ہیں۔
جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے آذربائیجان کی سپیکر ملی مجلس صاحبہ غفارووا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کیساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی کے عزم پر مبنی ہیں،قلیل مدت میں دونوں ممالک کے قائم مثالی تعلقات دنیا کیلئے قابلِ تقلید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعلی سطحی رابطے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا مظہر ہیں،آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کا متوقع دورہ دوطرفہ تعلقات کو نئی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے فروری 2025 میں باکو میں ہونیوالی ایشین پارلیمانی اسمبلی میں شرکت کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان روابط عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کا باعث بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی سپیکر کو نومبر میں اسلام آباد میں ہونیوالی بین الپارلیمانی سپیکر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو اہم سرمایہ کار شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطے میں امن و خوشحالی کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان تجارتی پل کے طور پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پرآذربائیجان کی سپیکر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔