حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر جواب جمع کرانے کے باوجود بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت نہ تھم سکی، صیہونی فوج نے غزہ میں مزید 72 فلسطینی شہید کردیے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے غزہ سٹی میں پناہ گزین کیمپوں سمیت مختلف رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
صیہونی فوج نے فلسطینیوں کو شہید کرنے کا نیا حربہ اپنا لیا، قابض فوج نے فضائی حملوں کے بعد اب غزہ شہر میں بستیوں کو تباہ کرنے کےلیے دھماکا خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول گاڑیوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے محصور فلسطینیوں کو علاقہ خالی کرنے کے لیے آخری موقع دیا گیا تھا تاہم اب بھی لاکھوں افراد وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ شہر کے الحلو انٹرنیشنل اسپتال میں ایک نومولود بچہ جان کی بازی ہار گیا، رپورٹ کے مطابق اس وقت اسپتال سے بچوں کو اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے کے باعث منتقل کیا جا رہا ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق اسپتال سے تین قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ مزید 10 بچوں کو فوری طور پر نکالنے کی ضرورت ہے۔