کراچی: جماعت اسلامی نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر حماس کے موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک مزاحمت کا ردعمل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق اور حماس کی بصیرت کا آئینہ دار ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حماس نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے مجوزہ امن پلان پر اپنا باوقار رد عمل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس درحقیقت عارضی نہیں مستقل جنگ بندی چاہتی ہے، قیدیوں کے تبادلے پر آمادگی اور تبادلے کے عمل کیلئے مناسب حالات کی فراہمی کی بات بالکل جائز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور عالمی نہیں بلکہ فلسطینی ٹیکنوکریٹس کا سیٹ اپ 100فیصد جائز مطالبہ ہے، ان تمام معاملات پر ثالثوں کے ذریعے تفصیلات پر مذاکرات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے اپنے جواب میں غیر ضروری باتوں سے اجتناب کیا ، پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو حماس کے موقف کا خیرمقدم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کا ردعمل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق اور ان کی بصیرت کا آئینہ دار ہے۔